حرمت رسول ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں 97



حرمت رسول ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں

از قلم : سیف الرحمٰن


 



نبی ﷺ کو اللہ تعالی نے تمام انسانوں میں سے افضل اور اعلی مقام عطا کیا ہے ۔ آپ انسانیت کے لیے راہبر اور راہنما بنا کر بھیجے گئے ۔جس طرح آپ ﷺ کی بات کو ماننا ، عمل کرنا لازم ہے، اسی طر ح آپ ﷺ کی ذات کا احترام بھی لازم ہے ۔ اللہ تعالی نے قرآن مجید کی یہ آیت نازل فرما دی :

                                                يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تُـقَدِّمُوْا بَيْنَ يَدَيِ اللّٰهِ وَرَسُوْلِه وَاتَّقُوا اللّٰهَ  اِنَّ اللّٰهَ سَمِيْعٌ عَلِيْمٌ (الحجرات:01)

            "اے ایمان والو ! اللہ اور اس کے رسول کے سامنے پیش قدمی نہ کرو اور اللہ سے ڈرتے رہو۔ بلاشبہ اللہ تعالیٰ سب کچھ سننے والا جاننے والا ہے۔"

            اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالی نے نبی ﷺ کی اطاعت کے ساتھ آپ کی ذات کا احترام ، ادب اور تعظیم کو بھی لازم ٹھہرایا ہے ۔اسی طرح وہ لوگ جو مدینہ میں آتے اور آپ کو اپنے حجرے کے باہر سے آوازیں لگانا شروع کر دیتے " یا محمد" اللہ تعالی نے ایسے لوگوں کو بھی منع فرما دیا ۔ جب اللہ تعالی اپنے نبی پر آوازیں کسنے کو پسند نہیں کرتا تو اپنے نبی کے خاکے اور کارٹون  بنانے کو کس طرح گوارہ کیا  جا سکتا ہے ؟

نوپور شرما کے گستاخانہ بیان ہو یا ڈنمارک اور ہالینڈ کے بنائے گستاخانہ خاکے اور کارٹون ایسا  سفلی رویہ کسی صورت بھی قبول نہیں ہے ۔آزادی اظہار رائے کے  نام پر  کسی دوسرے مذہب کی توہین کرنا سرا سر ناعاقبت اندیشی کا نتیجہ ہے ۔  

             بحثیت امت ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ  ہم حرمت نبی ﷺ کا بھر پور تحفظ کریں ۔ اس کے لیے ہمیں اپنی صلاحیتیں وقف کرنی چاہیے ۔ ایک لکھاری اپنی کتابت کے ذریعہ نبی ﷺ کی حرمت کا دفاع کرے ۔ ایک واعظ اپنے وعظ میں  لوگوں کو نبی ﷺ کی حرمت  اہمیت پر ابھارے ۔ الغرض ہماری تمام صلاحیتیں اس کام میں وقف ہونی چاہیے ، تاکہ آخرت میں نبی ﷺ کی شفاعت کے مستحق ٹھہریں ۔


Comments